پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین 70 کروڑ ڈالر کی قسط کا معاہدہ طے

269
budget deficit

اسلام آباد: پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے مابین 70 کروڑ ڈالر کی قسط کا معاہدہ طے پا گیا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق آئی ایم ایف جائزہ مشن اور پاکستان  کے درمیان اسٹاف لیول کا معاہدہ طے پاگیا۔ اگلے مرحلے میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے منظوری سے پاکستان کو 70 کروڑ ڈالر کی قسط ادا کی جائے گی۔

فریقین کے مابین معاہدہ طے پائے جانے کے بعد جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملک میں کچھ عرصے بعد مہنگائی کم ہونے کا امکان ہے۔ آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اپنے تمام معاشی اہداف حاصل کرلیے ہیں۔  مارکیٹ بنیاد پر ایکسچینج ریٹ پر عمل جاری رکھنےاور سرمایہ کاری و روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اصلاحات کا بھی وعدہ کیا گیا ہے جب کہ ایکسچینج مارکیٹ پر دباؤ کم ہو رہا ہے۔

آئی ایم ایف کے مطابق پروگرام کے تحت معاشی بحالی جاری ہے، دوست ممالک کے تعاون سے پاکستان میں معاشی استحکام آرہا ہے، وفاقی بجٹ پر عمل درآمد سے پالیسیوں میں تسلسل آیا ہے جب کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بروقت ایڈجسٹمنٹ کی گئی۔

اعلامیے کے مطابق طویل عرصے کے بعد یکم نومبر 2023 سے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا،  پاکستان نے روپے کی قدر کو متاثر کرنے کے لیے انتظامی اقدامات سے باز رہنے کی یقین دہانی کروائی۔مہنگائی کو اپنے ہدف تک کم کرنے کے لیے فعال مانیٹری پالیسی کی ضرورت ہے۔ 70 کروڑ ڈالر مزید ملنے سے آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو جاری کردہ رقم 1.9 ارب ڈالر ہو جائےگی ۔