سیکیورٹی فورسز کا دہشتگردوں سے فائرنگ کا تبادلہ، دو اہلکار شہید

436
terrorists killed

راولپنڈی :خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو اہلکار شہید ہوگئے جبکہ ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق پاک فوج نے شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سیکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی اہلکاروں نے دہشت گردوں کو ان کے ٹھکانوں پر نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران مردان سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ سپاہی عبداللہ اور تھرپارکر سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ سپاہی محمد سہیل نے شہادت پائی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ علاقے میں دہشت گردوں کی عدم موجودگی یقینی بنانے کے لیے کارروائی کی جا ری ہے، پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے جوانوں کی اس طرح کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔