پختونخوا: ایم ڈی کیٹ امتحان کے وقت موبائل فون سروس بند ہوگی، محکمہ داخلہ

491

پشاور: خیبر پختون خوا میں ایم ڈی کیٹ امتحان کے وقت موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق صوبائی حکومت نے ایم ڈی کیٹ امتحانات سے متعلق منصوبہ اور اصول و ضوابط طے کرلیے، جس کے مطابق 26 نومبر کو پختونخوا میں ہونے والے میڈیکل کے داخلہ ٹیسٹ کے وقت موبائل فون سروس بند کردی جائے گی۔

اس حوالے سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ صوبائی دارالحکومت سمیت صوبے کے 11 ضلعوں میں ایم ڈی کیٹ کے امتحانی مراکز قائم کیے جائیں گے، جہاں امیدواروں سے ٹیسٹ لیا جائے گا۔ ان میں ڈی آئی خان، کوہاٹ، مردان، لوئر دیر، سوات اور ایبٹ آباد بھی شامل ہے۔

میڈیکل داخلہ ٹیسٹ کے سلسلے میں پرنٹنگ اور دیگر امور صوبائی پولیس کی نگرانی میں کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں امتحانات متعین کرنے  کے لیے ڈیوٹی عملے سے متعلق تفصیلات خیبر میڈیکل یونیورسٹی کی جانب سے جاری کی جائے گی۔

خیبر میڈیکل یونیورسٹی سے امتحانی مراکز تک تمام تر امتحانی سامان کی ترسیل پولیس کی نگرانی میں ہوگی۔ امتحان کے لیے واک تھرو گیٹ سمیت تمام سیکورٹی اقدامات کے لیے پولیس کو ایف آئی اے کی معاونت حاصل ہوگی جب کہ خواتین پولیس اہل کاروں کو بھی تعینات کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں ارد گرد ٹریفک کنٹرول کے لیے اضافی اہلکار تعینات کیے جائیں گے ۔امتحان کے وقت تمام مراکز کے اطراف میں موبائل فون سروس بند کردی جائے گی۔

محکمہ داخلہ کے مطابق خیبر پختونخوا کے تمام محکموں کے سیکرٹریز و دیگر انتظامی افسران کو اعتماد میں لے کر تمام تر امتحانی معاملات سے دور رکھا جائے گا، پولیس صرف سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ صوبے کے تمام مختص امتحانی مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہوں گے۔ ڈیوٹی عملہ، طلبہ و طالبات پر موبائل کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہوگی، کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے محکمہ صحت کا عملہ تعینات رہے گا۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ تمام 7 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز  بھی بطور ریجنل کوآرڈینیٹر آفیسرز اپنے فرائض انجام دیں گے اور متعلقہ اداروں کو آپس میں بہترین کوآرڈینیشن رکھنے کا پابند کیا جائے گا۔