پی ٹی آئی کے سابق رہنما فواد چودھری گرفتار

423
arrested

اسلام آباد: پی ٹی آئی چھوڑ کر جہانگیر ترین کی استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہونے والے فواد چودھری کو گرفتار کرلیا گیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فواد چودھری کے بھائی فراز چوہدری نے بتایا ہے کہ پولیس گھر سے گرفتار کرکے فواد چودھری کو کہاں لے کر گئی، اس حوالے سے کوئی معلومات نہیں ہیں۔ دریں اثنا سابق وفاقی وزیر اور سیاسی رہنما فواد چودھری کی اہلیہ حبا چودھری نے بھی سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں تصدیق کی ہے کہ ان کے شوہر کو گرفتاری کے بعد نامعلوم جگہ پر لے جایا گیا ہے۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ فواد چودھری کے خلاف 20 اگست 2022ء میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس کے تحت انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔

مقدمے میں فواد چودھری پر پاکستان تحریک انصاف کی ریلی نکالنے اور اس دوران سڑکیں بند کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فواد چودھری اپنے گھر کے قریب پارک میں ناشتہ کررہے تھے کہ درجنوں پولیس اہل کاروں نے انہیں گرفتار کرلیا۔ سابق وفاقی وزیر کے بھائی فیصل چودھری نے مجسٹریٹ کے روبرو ایک درخواست دائر کردی ہے، جس میں فواد چودھری کو عدالت میں پیش کرنے کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ فواد چودھری کو غیر قانونی حراست سے بازیاب کروایا جائے۔

درخوست میں کہا گیا ہے کہ فواد چودھری کسی مقدمے میں مطلوب نہیں ہیں۔ انہیں گرفتار کرنا غیر قانونی اقدام ہے۔ عدالت بازیابی کے احکامات جاری کرے۔