الخدمت نے غزہ کیلیے 15 کروڑ کی امداد پہنچادی، مزید 50 کروڑ کا سامان روانگی کیلیے تیار

418

راولپنڈی: الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت غزہ کے لیے  15 کروڑ روپے کی امداد پہنچائی جا چکی ہے جب کہ مزید 50 کروڑ کا امدادی سامان روانگی کے لیے تیار ہے۔

نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان محمدعبدالشکورنے کہاہے کہ 65کروڑ کی رقم غزہ فلسطین کے امدادی کاموں کے لیے جمع ہوچکی ہے۔ 15کروڑ کاامدادی سامان غزہ میں فراہم کیا جاچکا مزید50کروڑ کافنڈاس ریلیف آپریشن پرخرچ کیا جارہا ہے۔

ریجنل صدر الخدمت شمالی پنجاب رضوان احمد کے ساتھ الخدمت کمپلیکس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرجن اور ڈاکٹرزکی بڑی تعدادالخدمت کے ساتھ رجسٹرڈ ہوچکی ہے،جونہی راستہ ملے گا فوری طورپریہ میڈیکل ٹیمیں غزہ کے لیے روانہ ہوجائیں گی۔ پاکستان سمیت دیگریورپی ممالک سے بھی ڈاکٹرز نے خود کوالخدمت کے ساتھ غزہ جانے کے لیے رجسٹرڈ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ ملک انعام سے آج ملاقات ہوئی اور ہم نے امدادی سامان کے13ٹرک بھی این ڈی ایم اے کے حوالے کیے ہیں۔ ان میں موجودامدادی سامان فوری طور مصرکے لئے روانہ کیا جارہا ہے۔ رفح بارڈرکے ذریعے یہ سامان غزہ کے متاثرین تک پہنچے گا۔ میڈیسن، فوڈز سمیت بچوں اور خواتین کا امدادی سامان روانہ کیا گیاہے۔

اس موقع پرریجنل سیکرٹری جنرل نمیرحسن مدنی،ڈپٹی سیکرٹری جنرل سیدامجدحسین شاہ،صدوراضلاع حامداطہرملک،چوہدری منیراحمد، سنٹرل میڈیاریلیشنز آفیسر انعام الحق اعوان سمیت ودیگرموجودتھے۔

الخدمت فاؤنڈیشن شمالی پنجاب کی جانب سے مرکزی نائب صدرکو غزہ  متاثرین کے لیے 5کروڑ کا امدادی چیک بھی پیش کیا گیا۔محمدعبد الشکور نے اس موقع پر کہاکہ غزہ میں انتہائی کربناک صورتحال ہے اس کی تصاویراورویڈیوزدیکھنا بھی ممکن نہیں،معصوم بچے،خواتین اور عام شہریوں سمیت مساجد،اسپتالوں،اسکولزاور رہائشی علاقوں کی حالت انتہائی بدترین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کے ہرحصے کو اپنا کرداراداکرنا ہے ہم بطوراین جی اواپنے دائرہ کار میں ذمے داری اداکررہے ہیں،جونہی غزہ میں تباہی کا آغاز ہوا، الخدمت نے فوری طور پرغزہ ریلیف آپریشن کے لیے 15کروڑروپے مختص کیے اور غزہ میں موجود اپنی پارٹنرزاین جی اوز کے ذریعے امدادی سرگرمیوں کا آغاز کردیا۔

محمد عبدالشکور کا کہنا تھا کہ  15 کروڑ کی ابتدائی امداد کے بعد 50کروڑمزید غزہ کے لیے فنڈمختص کیا گیا ہم نے پورے ملک میں فنڈریزنگ کیمپ قائم کردیے جہاں اہل خیراپنے عطیات جمع کروارہے ہیں لیکن غزہ کی تباہی کے پیش نظر بہت بڑی امدادی رقم چاہیے اس حوالے سے پاکستانی قوم کو بڑھ چڑھ کرمالی ایثارکرنا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ ہماری خواہش ہے کہ امدادی سامان جلدازجلد متاثرین تک پہنچے۔ پاکستان سمیت دیگرمتعلقہ ممالک سے ہماری اپیل ہے سامان کی ترسیل میں اپنا مثبت اور موثرکرداراداکریں تاکہ معصوم بچوں،خواتین سمیت عام شہریوں کی جانیں بچائی جاسکیں۔