بلوچستان میں سرکاری ملازمت کیلیے عمر کی حد کم

458

کوئٹہ:بلوچستان کی نگراں کابینہ نے سرکاری ملازمت کے حصول کے لیے عمر کی بالائی حد 43 سے کم کرکے 35 سال مقرر کرنے پر اتفاق کرلیا۔

نگراں وزیر اعلی ٰ بلوچستان میر علی مردان ڈومکی کی زیر صدارت کوئٹہ میں نگراں کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں غزہ کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی مذمت کی گئی اور اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔

کابینہ نے سیلز ٹیکس آن سروسز سے متعلق امور نمٹانے کے لیے کیسکو اور بلوچستان ریونیو اتھارٹی کو باہمی مشاورت سے تجاویز مرتب کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے ٹیکس میں نظر ثانی سے متعلق پیش کردہ ایجنڈا پوائنٹ پر کابینہ نے ٹیکس کی وصولی کو رائج الوقت شرح سے ہی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا جب کہ نگراں کابینہ نے ضلع نصیر آباد کی تحصیل لانڈھی میں نئے پولیس اسٹیشن کے قیام کی منظوری دی۔

علاوہ ازیں کابینہ نے سرکاری ملازمت کے حصول کے لیے عمر کی بالائی حد 43 سے کم کرکے 35 سال مقرر کرنے پر اتفاق کرلیا۔