فلسطینی پرچم لہرانے والوں کو بھارتی نژاد برطانوی وزیرداخلہ کی  دھمکی

683

لندن: برطانیہ میں فلسطینی پرچم لہرانے والوں کو بھارتی نژاد وزیرد اخلہ نے  سخت کارروائی کی دھمکی دے دی۔

خبر رساں اداروں کے مطابق صہیونی ریاست اسرائیل کی جانب سے فلسطینی علاقوں خصوصاً غزہ پر بم باری کا سلسلہ جاری  ہے، جس میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 1100 سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔

امریکا کی طرح بھارت بھی قابض صہیونی ریاست کی پشت پناہی میں کسی سے پیچھے نہیں، جہاں مودی سرکار اور اس کا حامی متعصب میڈیا فلسطین اور کشمیر کے معاملے پر دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونک رہا ہے۔ تازہ واقعے میں بھارتی نژاد برطانوی وزیر داخلہ نے ملک میں فلسطینی پرچم لہرانے کو دہشت گردوں کی حمایت قرار دیتے ہوئے سخت کارروائی کی دھمکی دے دی ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق بھارتی نژاد برطانوی وزیر داخلہ سویلا بریورمین نے کہا ہے کہ سڑکوں پر فلسطین کا پرچم لہرانے والے دہشت گردوں کے حمایتی ہیں اور پولیس ایسا کرنے والوں کے ساتھ سخت انداز سے پیش آئے۔ واضح رہے کہ برطانیہ میں اسرائیل مخالف احتجاج کو دیکھتے ہوئے عوامی مقامات پر فلسطینی پرچم لہرانے پر پابندی لگائی ہے۔

بھارتی نژاد متعصب برطانوی وزیر داخلہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خط میں کہا ہے کہ وہ حماس (فلسطینی مزاحمتی تنظیم) کے جھنڈے یا لوگو کی نمائش یا اس کی حمایت میں ہونے والے مظاہروں کے لیے الرٹ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر فلسطینی پرچم لہرانا گرفتاری کا سبب بن سکتا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو حماس اور دہشت گردی کا حامی سمجھا جائے گا۔