چوری کیا گیا طوطا پولیس کو اپنی شناخت کروا کر مالک کو مل گیا

569

پیرس: ایک طوطے جسے تین سال قبل چوری کرلیا گیا تھا، نے پولیس کو خود اپنی شناخت بتائی، جس کے نتیجے میں وہ بالآخر اپنے مالک کو مل گیا۔

انٹرنیٹ پر اور بین الاقوامی میڈیا میں پھیلنے والی ایک خبر کے مطابق چوری ہونے والے طوطے نے پولیس کو دیکھتے ہی اپنی شناخت کروائی اور مالک کے پاس پہنچنے میں کامیاب رہا۔

مغربی افریقا میں مشہور سرمئی طوطا، جس کی اس نسل کو باقاعدہ قانون کے ذریعے محفوظ رکھا گیا ہے اور اس کی خرید و فروخت بھی غیر قانونی قرار دی گئی ہے، کو 3 سال قبل 2020ء میں فرانس میں چوری کیا گیا تھا۔ فرانسیسی شہر مارسیلز کے علاقے اولڈ پورٹ کے قریب گزشتہ دنوں ایک شخص اس طوطے کو فروخت کرنے کی کوشش میں تھا کہ طوطے نے پولیس کو اپنا نام بتادیا۔

پولیس نے معائنے کے دوران پرندے کو دیکھا جس نے شناختی انگوٹھی نہیں پہنی ہوئی تھی۔ جیسے ہی پولیس اہلکار اس کے قریب پہنچے تو طوطے نے جیکو جیکو بولنا شروع کیا، تب پولیس اہلکار کو یاد آیا کہ تین سال قبل 2020ء میں ایک شخص نے اس طرح کے طوطے کے لاپتا ہونے کی شکایت درج کروائی تھی اور بتایا تھا کہ طوطے کو تلاش کرنے کی نشانی یہی ہوگی کہ وہ خود اپنا نام جیکو بتا سکتا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق چوری کیے گئے طوطے کے مالک کو جب اس کے ملنے سے متعلق مطلع کیا گیا تو وہ بہت خوش ہوا اور ملنے کے لیے پہنچا ہی تھا کہ طوطے نے اپنے مالک کو دیکھتے ہی اپنا نام پکارنا شروع کردیا۔