ہائی وے اور موٹروے پولیس نے قانون کی خلاف ورزی پر جرمانے بڑھا دیے

773

اسلام آباد: ہائی وے اور موٹروے پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے بڑھا دیے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مقررہ رفتار سے زیادہ تیز چلانے پر چالان کی رقم 700 روپے سے بڑھا کر ڈھائی ہزار روپے کردی گئی ہے۔ اسی طرح پیچھے سے آنے والی کسی دوسری گاڑی کو راستہ نہ دینے پر جرمانہ 1000 روپے مقرر کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق رات میں کم روشنی پر گاڑی چلانے پر 5 ہزار روپے جرمانہ ہوگا جب کہ اسٹاپ لائن کی خلاف ورزی پر جرمانے کی رقم 500 روپے سے بڑھا کر 3 ہزار روپے مقرر کردی گئی ہے۔ نئے اعلامیے کے مطابق اگلی گاڑی کے بہت قریب گاڑی چلانے پر ایک ہزار روپے جرمانہ ہوگا جبکہ پہلی اسکرین ڈھانپ کر گاڑی چلانے پر 750 روپے کا جرمانہ دینا ہوگا۔

ڈرائیونگ کے دوران ٹریفک لائن توڑنے پر جرمانہ 500 سے بڑھا کر ایک ہزار روپے جبکہ ٹریفک روانی میں خلل ڈالنے پر دو ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔