آسٹریلیا کے ساتھ ون ڈے سیریز میں بھارت کی فتح

669

اندور: آسٹریلیا کے ساتھ ون ڈے سیریز میں بھارت نے تین میچز کی سیریز میں دو صفر سے فتح حاصل کرلی۔

بھارتی شہر اندور میں اتوار کے روز کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں بھارتی بیٹرز نے آسٹریلیا کو 400 رنز کا بڑا ٹارگٹ دیا۔ بعد ازاں میچ بارش کے سبب متاثر ہوا اور آسٹریلیا کو 317 رنز کا ہدف 33 اوورز میں  پورا کرنے کو ملا، تاہم آسٹریلوی ٹیم 217 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔

بھارت نے ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت آسٹریلیا کے خلاف 99 رنز سے اس میچ میں کامیابی حاصل کرلی۔

آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ دینے کا فیصلہ کیا، جس نے 50 اوورز میں مجموعی طور پر 5 وکٹیں گنوا کر 399 رنز بنائے اور مخالف ٹیم کو 400 رنز کا بڑا ٹارگٹ دیا۔ شبمن گل اور شری یاس ایر نے سنچریاں  جب کہ سوریا کمار یادیو اور کے ایل راہول نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ آسٹریلوی بلے باز کیمرون گرین نے 2، جوش ہیزل ووڈ،سئین ایبوٹ اور ایڈم زامپا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ٹارگٹ پورا کرنے کے لیے میدان میں اترنے والی آسٹریلوی ٹیم آغاز ہی سے مشکل میں رہی، جس کے 2 کھلاڑی 9 رنز ہی کے مجموعی پر پویلین لوٹ چکے تھے۔ بعد میں 108 رنز پر آسٹریلیا کے 5 کھلاڑی وکٹیں گنوا چکے تھے اور 217 کا اسکور بنا کر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔

ڈیوڈ وارنر 53 اور سیئن ایبٹ 54 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بھارتی بولرز روی چندرن ایشون اور رویندرا جڈیجا نے تین تین، پرسدھ کرشنا نے 2 اور محمد شامی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ بھارت نے پہلے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے 27 ستمبر کو راجکوٹ میں کھیلا جائے گا۔