آئی ٹی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے اہداف پورے کئے جائیں گے، نگراں وزیرِ اعظم

256

اسلام آباد: نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے پلیٹ فارم سے آئی ٹی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے تمام اہداف پورے کئے جائیں گے۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام شعبے کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگراں وزیرِ اعظم نے کہاکہ  تمام جامعات میں آئی ٹی کے حوالے سے بین الاقوامی معیار کی تعلیم اور ہنر کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، حکومت مقامی سطح پر تیار ہائی ٹیک مصنوعات بالخصوص سمارٹ فونز کے فروغ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے گی۔

اجلاس میں وزیراعظم کو انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام شعبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو پاکستان کے آئی ٹی شعبے کی ترقی کیلئے وزارت کے اقدامات اور ملکی آئی ٹی برآمدات بڑھانے کیلئے لائحہ عمل پیش کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ وزارت آئی ٹی وفاقی سطح پر تمام سرکاری خدمات کو ڈیجٹلائز کرکے انہیں ایک چھتری کے تلے لانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، اس اقدام سے حکومت کو ٹیکس کی وصولی کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور ٹیکس چوری کی بہتر نشاندہی ہو سکے گی۔