اقوام متحدہ اور کراچی پریس کلب کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ قائم کرنے پر اتفاق

269
relationship

کراچی:  اقوام متحدہ پاکستان اور کراچی پریس کلب نے معلومات کے تبادلے، صحافیوں کی پیشہ وارانہ صلاحیت کو اجاگر کرنے، سماجی اور ترقیاتی امور پر رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں کو سہولت فراہم کرنے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

اقوام متحدہ کے پاکستان آفس پر مشتمل وفد نے پیر کو کراچی پریس کلب کا دورہ کیا، گورننگ باڈی اور سینئیر صحافیوں سے ملاقات کی۔وفد میں شامل پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولین ہارنیس اور کراچی پریس کلب کے سیکریٹری شعیب احمد نے کراچی پریس کلب کے اراکین کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

اقوام متحدہ کے وفد میں اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے انفارمیشن سینٹر کی کنٹری ڈائریکٹر کیتھرین ویبل، نیشنل انفارمیشن آفیسر مہوش علی اور دیگر سینئیر افسران بھی موجود تھے، کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور سیکریٹری شعیب احمد نے اقوام متحدہ کے وفد کا استقبال کیا اور انہیں کراچی پریس کلب کی تاریخ اور سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔

صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی نے وفد کو بتایا کہ ملک کے سب سے بڑے پریس کلب کے طور پر کے پی سی آزادی صحافت کے فروغ دینے کے ساتھ اعلیٰ اقدار اور معیارات کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے سیاسی اور سماجی کارکنوں کو آزادانہ طور پر اپنے خیالات کے اظہار کے لیے ایک محفوظ جگہ فراہم کرنے میں کلب کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ہمیشہ میڈیا کی آزادی پر کسی بھی پابندی کے خلاف کھڑے رہے ہیں، ہماری خواہش ہے کہ کراچی پریس کلب اور اقوام متحدہ میں ورکنگ ریلیشن شپ قائم کی جائے۔

ۡ

کراچی پریس کلب کے سیکریٹری شعیب احمد نے وفد کو پریس کلب کی جانب سے اپنے اراکین اور ورکنگ جرنلسٹس کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور خدمات کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے صحافیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر بالخصوص تنازعات والے علاقوں میں ہونے والے واقعات اور واقعات کی کوریج کرنے میں درپیش مسائل پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے وفد پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے سیشن میں شرکت کرنے والے صحافیوں کی حوصلہ افزائی کریں اور کراچی پریس کلب کے تعارفی خط کو بطور سند تسلیم کریں۔

شعیب احمد نے اقوام متحدہ کے وفد کو کراچی پریس کلب میں آگاہی پروگرام اور تربیتی ورکشاپس کے لئے جدید بورڈ روم اور سیمینار روم کے بارے میں بریفنگ دی۔

اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولین ہارنیس نے صحافیوں کو اقوام متحدہ کی سرگرمیوں کی کوریج میں سہولت فراہم کرنے میں تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ اس میں بین الاقوامی تقریبات کے لیے ایکریڈیٹیشن فراہم کرنا، اقوام متحدہ کی مختلف ایجنسیوں کے کام کے بارے میں معلومات کا اشتراک اور مشترکہ ورکشاپس اور سیمینارز کا انعقاد شامل ہے۔

ہارنیس نے اس بات پر زور دیا کہ میڈیا پاکستان میں ترقی کے اشاریوں کو بہتر بنانے میں اقوام متحدہ کا ایک اہم شراکت دار ہے۔ انہوں نے کراچی پریس کلب کا دورہ کرکے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ پریس کلب اور صحافی ایسے سوالات اٹھانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں جو حکام کی توجہ تعلیم اور صحت کی سہولیات کی کمی جیسے مسائل کے حل کی طرف مبذول کرائیں،

کنڑی ڈائریکٹر کیتھرین نے کہا کہ وہ کراچی پریس کلب سے رابطے میں رہیں گی اورجلد ہی کراچی پریس کلب کے ساتھ مل کر صحافیوں کو درپیش مشکلات کو دور کرنے اور بہتر ورکنگ ریلیشن شپ قائم کرنے کی کوشش کریں گی۔

بعد ازاں وفد کو کراچی پریس کلب کی جانب سے روایتی اجرک کا تحفہ اور شیلڈ بھی پیش کی گئیں