آزاد کشمیر میں بائیکاٹ مہم جاری، مساجد سے بجلی بل نہ بھرنے کے اعلانات

319

مظفر آباد: آزاد کشمیر میں بجلی کے بلوں کی بائیکاٹ مہم جاری ہے جب کہ اس دوران مساجد سے بجلی کے بل نہ بھرنے کے اعلانات بھی کیے جا رہے ہیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کوٹلی سمیت پورے آزاد کشمیر میں مختلف ایکشن کمیٹیوں کی جانب سے بجلی کے بلوں کا بائیکاٹ کرنے کی مہم جاری ہے اور اس حوالے سے کوٹلی، تتہ پانی، کھوئی رٹہ، گوئی نکیال اور ناڑ میں بجلی کے بلوں کا بائیکاٹ کرنے کی مہم کے لیے کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔

 

ہجیرہ کے علاقے میں شہریوں نے بجلی کے سیکڑوں بل جلا دیے۔ دوسری جانب  کھوئی رٹہ بار نے بجلی کے بلوں پر ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف ہڑتال کا اعلان کردیا جب کہ کوٹلی میں وکلا نے احتجاج کرتے ہوئے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ہے۔

دریں اثنا حکومت نے بجلی کے بل جمع کروانے کی تاریخ میں 28 اگست تک توسیع کر دی۔ مختلف ایکشن کمیٹیوں  کا کہنا ہے کہ بجلی کے بلوں  سے ظالمانہ ٹیکسز کو ختم کرنے تک احتجاج جاری رہے گا۔