پرویز الہی کو حراست میں رکھنے کیخلاف درخواست پر تحریری حکم جاری

242
arrested

لاہور : سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الہی کو حراست میں رکھنے کیخلاف درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے تحریری حکم نامی جاری کردیا۔

عدالت عالیہ نے آئندہ سماعت پر ایف آئی اے کیسز میں ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا ریکارڈ طلب کرلیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے باوجود پرویز الہی کو حراست میں رکھنے کیخلاف درخواست پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا۔

جسٹس راحیل کامران نے قیصرہ الہی کی درخواست پر تحریری حکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری وکیل کے مطابق پرویز الہی کی نظر بندی 14 اگست کو ختم ہوچکی ہے، اس کے مطابق قیصرہ الہی کی درخواست غیر موثر ہوگئی۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر پرویز الہی کی ایف آئی اے کیسز میں ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا ریکارڈ طلب کرلیا۔ عدالت کا کہنا ہے کہ درخواست گزار کے وکیل کے مطابق پرویز الہی کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن 16 جولائی کو جاری کیا گیا، پرویز الہی کی تمام کیسز میں ضمانت منظور ہوچکی تھی، دو روز تک غیر قانونی حراست میں رکھا گیا۔

عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ سرکاری وکیل کے مطابق ضمانتی مچلکے جمع نہ کرانے پر پرویز الہی کو رہا نہیں کیا گیا۔ درخواست پر مزید سماعت 22 اگست کو ہوگی۔