جسٹس قاضی فائز عیسی کا  اہلیہ  کے ہمراہ جڑانوالہ میں متاثرہ کالونی کا دورہ

307

جڑانوالہ: جسٹس قاضی فائز عیسی اپنی اہلیہ کے ہمراہ جڑانوالہ واقعے کے متاثرین سے ملاقات کیلئے پہنچ گئے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کو ہر قسم کا تحفظ فراہم کرنے میں مدد کروں گا، انتظامیہ کو ہدایت کروں گا کہ بحالی کے تمام کام ہنگامی بنیادوں پر کریں۔

سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسی اپنی اہلیہ کے ہمراہ جڑانوالہ واقعے میں متاثر ہونیوالی کالونی پہنچ گئے، خواتین و مرد متاثرین سے ملاقات کی اور انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

 اس موقع پر متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے فائز عیسی نے کہا کہ میں ذاتی طور پر آپ کے دکھ میں شریک ہونے کیلئے ملنے آیا ہوں، یہ میرا آفیشل وزٹ نہیں ہے، انتظامیہ کو ہدایت کروں گا کہ بحالی کے تمام کام ہنگامی بنیادوں پر کریں۔

 متاثرین سے گفتگو میں فائز عیسی کا کہنا تھا کہ آپ کو ہر قسم کا تحفظ فراہم کرنے میں مدد کروں گا، بہت دکھ تھا اسی لئے ذاتی طور پر ملنے آیا ہوں۔ متاثرین نے جسٹس فائز عیسی سے کہا کہ ہمارے گھر اور املاک جلادی گئیں، ہمیں آپ انصاف دلانے میں مدد کریں، یہاں بچے اور خواتین بھی خوف کا شکار ہیں۔

 فائز عیسی نے کہا کہ آپ لوگوں کو ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں، ہر ممکن تعاون کروں گا۔ جسٹس قاضی فائز عیسی کی اہلیہ نے متاثرین میں کپڑے اور دیگر ضروری امدادی سامان تقسیم کیا۔