نالے میں ڈوبنے والے بچے پر متعلقہ اداورں کے خلاف کاروائی کی جائے، حافظ نعیم

427

کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے اپنے حلقہ انتخاب یوسی 8الفلاح نارتھ ناظم آباد کے علاقے کوثر نیازی کالونی میں زیر تعمیر گجر نالے پروجیکٹ میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے 6سالہ بچے اجمل کے والد اختر سے ان کے گھر پہ جاکر ملاقات کی اور کم سن صاحبزادے کی ناگہانی موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

حافظ نعیم الرحمن نے بچے کے گھر کے قریب نالے کے اس مقام کا بھی دورہ کیا جہاں یہ المناک واقع پیش آیا۔

 بچے کے والد نے کہاکہ اس طرح کے گڑھے فوری بند کیے جائیں تا کہ پھر سے کسی بھی والدین کو ایسے قیامت خیز واقعہ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کم سن بچے کی ناگہانی موت بڑا سانحہ ہے، ہم اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، حکومت اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کریں،انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایف ڈبلیو او اور متعلقہ اداروں کے خلاف بھی کاروائی کی جائے۔

حافظ نعیم الرحمن نے بچے والد کو یقین دہانی کروائی کہ جماعت اسلامی آپ کے ساتھ ہے اور افسوس ناک واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کے لیے آواز اُٹھائیں گے۔

بچے کے والد اور اہل محلہ نے حافظ نعیم الرحمن کو واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ بچے کے گرنے کے فوراً بعد ایف ڈبلیو او کے اہلکاروں سے بچے کو نکالنے کو کہا گیا پہلے تو انہوں نے ا س واقع کو نظر انداز کیا تا ہم ہمارے اصرار پر 12 فٹ کھدائی کر کے بچے کو نکالاگیا لیکن وہ اپنی جان گنوا بیٹھا تھا۔

واضح رہے کہ حکومتی غفلت و لاپرواہی کے باعث کوثر نیازی سے واحد کالونی تک دو سال میں آٹھ اموات ہو چکی ہیں۔