آئندہ سال حج اخراجات نصف تک ہو سکتے ہیں، سینیٹر محمد طلحہ محمود

235
Hajj expenses

اسلام آباد:وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود نے کہا ہے کہ بروقت حکمت عملی سے آئندہ سال حج اخراجات نصف تک ہو سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حجاج کی خدمت یہ ہے کہ مہنگائی کے دور میں سستا حج دیا جائے، خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کلب میں پاکستان سٹیزن فورم کے زیر اہتمام اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب پذیرائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی صدارت سابق وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کی جبکہ مہمان اعزاز وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی تھے۔

اس موقع پر میزبان صدر پاکستان سٹیزن فورم پروفیسر سجاد قمر ،سیکرٹری محسن خان عباسی ،قاری محبوب الرحمن، صدر تنظیم تاجران پاکستان چوہدری محمد کاشف، ملک احسان غنی، مولانا اشرف علی،مولانا عبدالمجید ہزاروی، مولانا عطا محمد دیشانی،مرکزی جمعیت اہلحدیث کے رہنما عتیق الرحمن شاہ کاشمیری، مولانا حافظ مقصود احمد، مولانا ظہور احمد علوی،مولانا عبدالقدوس محمدی، ارشد خان تنولی ،مفتی جمیل الرحمن فاروقی، ڈاکٹر فرخندہ ڈی جی شریعہ اکیڈمی، حافظ احسان کھوکھر نے خطاب کیا۔

سینیٹر طلحہ محمود نےکا کہنا تھا کہ ہم بہترین خدمات پر سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔سعودی عرب نے اس سال بھی مثالی انتظامات کیے۔ میں نے بغیر پروٹوکول کے عام حاجیوں کے ساتھ وقت گزارا۔شکایات کا فوری ازالہ کیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کسی کو بھی مفت حج نہیں کروایا۔مفت حج بڑے بڑے سرکاری افسر کرتے تھے جو معاونین کے نام پر جا کر ڈیوٹی نہیں کرتے تھے۔ہم نے وی آئی پی کلچر کا مکمل خاتمہ کیا اور اس کو مزید بہتر کریں گے۔