پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کمی کے باجود ضلعی انتظامیہ کرایوں میں کمی نہیں کرواسکی ،پروفیسرمحبوب الزماںبٹ

296

فیصل آباد:  جماعت اسلامی کے راہنمائوںپروفیسرمحبوب الزماںبٹ،میاںطاہرایوب،شیخ محمدمشتاق،انجینئرعظیم رندھاوا،اجمل حسین بدر نے کہا ہے کہ پچھلے 2 ماہ میں 3بار پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باجود ضلعی انتظامیہ پبلک انسپورٹ کے کرایوں میں کمی نہیں کرواسکی مسافروں سے پرانے کرائے ہی وصول کئے جا رہے ہیں۔

مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ کرایوں میں کمی نہ ہونے کی وجہ سے کئی جگہوں پر مسافروں اور ڈرائیورز کے درمیان بحث و مباحثہ ، لڑائی جھگڑے، گالی گلوچ دیکھنے کو مل رہا ہے، موٹرسائیکل رکشہ ڈرائیورز نے بھی کرایوں میں کمی نہیں کی۔ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی   نے پراسرار خاموشی اختیار کررکھی ہے۔

انہوں نے کہاکہ جب پٹرول کی قیمتوں میں5 روپے کا اضافہ ہوتا ہے تواگلے روز ٹرانسپورٹرز کرایوں میں من مرضی کا اضافہ کر دیتے ہیں اور اگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے تو ٹرانسپورٹرز اور رکشہ ڈرائیورز خاموشی اختیار کر لیتے ہیں جس کی بنیادی وجہ ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی عدم دلچسپی ہے۔

اُنہوں نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیاہے کہ ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کو پابندکیا جائے کہ وہ کرایوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کرکے اس پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ پٹرولیم مصنوعات میںہونیوالے ریلیف کا فائدہ عوام تک پہنچ سکے۔