نہر میں آلائشیں پھینکنے والوں کیخلاف مقدمات درج ، 7 افراد گرفتار

702
arrested

لاہور : پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر نہر میں گندگی اور آلائشیں پھینکنے والوں کے خلاف گرفتاریاں اور مقدمات درج کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات عامر میر کا کہنا ہے کہ نہر میں آلائشیں پھینکنے پر مکمل پابندی اور دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا ہے، دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آلائشیں نہر میں پھینکنے پر 7 لوگ گرفتار کئے ہیں۔

عامر میر کا کہنا ہے کہ عید کے تینوں دن نہر میں آلائشیں پھینکنے اور سری پائے بھوننے پر دفعہ 144 نافذ رہے گی۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کو فوراً گرفتار کیا جائے، کمشنر لاہور اور ڈپٹی کمشنر لاہور خود موقع پر جا کر صورتحال کا جائزہ لیکر کارروائی کریں۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ نہر میں آلائشیں پھینکنے اور سری پائے بھوننے سے ماحولیاتی آلودگی پھیلتی ہے، ماحولیاتی مسائل سے بچنے کیلئے عوام انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔