سندھ حکومت نے پیپلزبس سروس موبائل ایپلیکیشن متعارف کرادی

462

کراچی:سندھ حکومت نے کراچی کے شہریوں کیلئے پیپلز بس سروس ایپ متعارف کرادی۔ 

شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ اس ایپ سے شہری ٹکٹ کی بکنگ کرانے کے ساتھ بس کے ماحول پر نظر رکھ سکیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے کراچی میں پیپلز بس سروس موبائل ایپلیکیشن کا افتتاح کردیا۔ 

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی پیپلز بس سروس صرف ایک ایپ نہیں، اس میں عوام کی سہولیات کا پورا خیال رکھا گیا ہے۔ 

شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ شہری موبائل ایپ کے ذریعے کارڈ سے ٹکٹ خرید سکتے ہیں، بس میں کیمرے لگے ہیں، ایپ کے ذریعے بس کا ماحول دیکھ سکتے ہیں، اس ایپلی کیشن کو این آر ٹی سی کے علاوہ سندھ حکومت کنٹرول کرے گی۔ 

وزیر ٹرانسپورٹ سندھ نے کہا کہ جولائی میں مزید ریڈ اور گرین بسز آجائیں گی، اہم منصوبے ریڈ لائن بی آر ٹی پر تیزی سے کام چل رہا ہے، پاکستان کی واحد بی آر ٹی ہوگی جو بایو گیس پر چلے گی۔ 

شرجیل میمن نے دعوی کیا کہ سندھ حکومت کم از کم کرائے میں عوام کو سہولت فراہم کررہی ہے، سندھ حکومت بس سروس میں کروڑوں روپے کی سبسڈی بھی دے رہی ہے۔