جماعت اسلامی نے رشتوں کے حصول میں مدد دینے کیلئے شعبہ ہمسفر قائم کر دیا

393

فیصل آباد:جماعت اسلامی نے والدین کو مناسب رشتوں کے حصول میں مدد دینے کیلئے شعبہ ہمسفرقائم کردیا۔

ضلعی جنرل سیکریٹری شیخ محمدمشتاق نے شعبہ کے دفتر کی افتتاحی تقریب کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہ کہ مناسب رشتوں کا حصول غریب والدین کے لیے یہ ایک سنجیدہ مسئلہ بن چکا ہے ، غربت اور پسماندگی کے باعث مناسب رشتوں کی عدم دستیابی کے باعث اپنی شادی کی عمر سے تجاوز کر جاتی ہیں جو والدین کے لیے ایک تکلیف دہ امر ہے۔

اسی عوامی تکلیف کو مدنظر رکھتے ہوئے جماعت اسلامی کے تحت ضرورت مند والدین کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے بلامعاوضہ سہولت فراہم کرنے کیلئے شعبہ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ جب سے لوگوں نے رشتوں کے سلسلہ میں حرص اور لالچ کی روش اختیار کرکے دینداری کو پس پشت ڈالا ہے۔ معاشرے میں رشتوں کو لے کر پریشانیاں بھی بڑھی ہیں اور رشتوں میں خیرو برکت بھی ختم ہوگئی ہے۔ ہمارے معاشرے میں خاص طور پر لڑکیوں کے والدین بہت پریشان رہتے ہیں اور بعض اوقات لڑکیاں کسی مناسب رشتے کے انتظار میں شادی کی عمر سے آگے چلی جاتی ہیں۔

رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ   ان کے سر پر چمکنے والی چاندی رشتوں کے حصول میں مزید دشواریاں پیدا کرنے لگتی ہے۔ یہ کسی ایک گھر یا کسی ایک فیملی کا مسئلہ نہیں ہے، بلکہ نا معلوم کتنی لڑکیاں، کتنے گھر اور کتنے خاندان اس سے متاثر ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ  یہ ایک ایسا سنگین سماجی مسئلہ ہے جس نے ہماری معاشرتی جڑوں کے اندر مادیت اور مفاد پرستی کے سرایت ہوجانے کا ثبوت فراہم کردیا ہے۔ اس المیہ کے حل سے نمٹنے کے لئے درد مند دل رکھنے والے افراد رضا کارانہ طور پر اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔