اسحٰق ڈار کی امریکی سفیر سے ملاقات، آئی ایم ایف مذاکرات میں پیشرفت سے آگاہ کیا

368
IMF talks

اسلام آباد:  وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات کی اور انہیں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ جاری مذاکرات میں پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے عالمی قرض دینے والے ادارے کے ساتھ پروگرام مکمل کرنے کے لیے اپنی حکومت کے عزم سے آگاہ کیا ہے۔

وزیر خزانہ نے مشکل معاشی صورتحال سے نمٹنے اور معیشت کو استحکام اور نمو کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے حکومت کی معاشی پالیسیوں اور ترجیحات سے بھی انہیں آگاہ کیا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ فریقین نے باہمی دلچسپی کے شعبوں اور دونوں ممالک کے درمیان موجودہ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

اسحٰق ڈار نے امریکی سفیر کو قومی اور بین الاقوامی مالیاتی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے مالیاتی گیپ کو کم کرنے کے لیے حکومت کے بجٹ اقدامات کے بارے میں بھی بتایا۔ امریکی سفیر کو آئی ایم ایف کے ساتھ جاری مذاکرات میں پیشرفت سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ حکومت اس پروگرام کو مکمل کرنے میں پرعزم ہے۔

امریکی سفیر نے معاشی استحکام اور عوام کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے حکومت کی پالیسیوں اور پروگراموں پر اعتماد کا اظہار کیا۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اقتصادی، سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

وزیر خزانہ نے امریکی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور حکومت کی جانب سے امریکا کے ساتھ دوطرفہ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کیا۔