برطانیہ نے پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک کیلئے تجارتی اسکیم بحال کر دی

590

اسلام آباد:معاشی بحرانی صورتحال میں پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے خوشخبری آگئی، برطانیہ نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک کے لیے تجارتی اسکیم بحال کر دی۔

جی ایس پی کی جگہ نئی ٹریڈنگ اسکیم کے تحت پاکستان کی 94 فیصد مصنوعات کو برطانوی مارکیٹ تک ڈیوٹی فری رسائی مل گئی،اسکیم کے تحت متعلقہ ممالک کو ٹیرف میں کمی اور آسان تجارتی سہولیات ملیں گی، نئی اسکیم جینرلائزڈ سکیم پریفرینس کی جگہ نافذ العمل ہو گی، اسکیم سے تجارت کو فروغ اور امداد کی ضرورت میں کمی آئے گی۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ نے پاکستان سمیت 65 ملکوں کے لیے نئی ٹریڈنگ اسکیم پرعملدرآمد کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت پاکستان کی 94 فیصد مصنوعات کو برطانوی مارکیٹ تک ڈیوٹی فری رسائی مل گئی ہے، اسکیم کے تحت پاکستان سے 156 سے زائد اضافی مصنوعات پر ٹیرف ہٹا دیا جائے گا۔

 اسکیم کے تحت کچھ عارضی ٹیرف کو آسان بنایا جائے گا۔پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مصنوعات اور خدمات کی تجارت کا موجودہ مجموعی سالانہ حجم 4 ارب 40 کروڑ پاونڈ ہے، نئی سکیم کے ذریعے برطانوی برآمدی ٹیرف کی مد میں 120 ملین پاونڈ کی بچت متوقع ہے۔

پاکستان کے لیے برطانوی ٹریڈ ڈائریکٹر اور برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر سارہ مونے  کہا کہ برطانوی ٹریڈ سینٹر آف ایکسی لینس کے ذریعے پاکستان کو انٹرنیشنل ٹریڈنگ سسٹم میں حصہ لینے کے لیے تعاون فراہم کیا جائے گا۔