سابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن پر پارلیمنٹ کے درواز ے بند

425

لندن:برطانیہ کے سابق وزیر اعظم بورس جانسن پر پارلیمنٹ کے دروازے بند کر دئیے گئے۔

کورونا وبا کے دوران سرکاری رہائش گاہ پرخلاف قانون پارٹیوں پرجھوٹ بولنے کی سزا کے تحت برطانیہ کے سابق وزیر اعظم بورس جانسن پر پارلیمنٹ کے دروازے بند کیے گئے ہیں۔

بورس جانسن پارلیمنٹ میں داخلے کے لیے سابق اراکین کو ملنے والے خصوصی پاس سے محروم کر دئیے گئے ہیں،اراکین پارلیمنٹ نے بورس جانسن سے متعلق پرویلج کمیٹی کی رپورٹ پر مہر ثبت کردی ہے۔

رپورٹ منظور کرنے کے حق میں 354اور مخالفت میں صرف 7ووٹ پڑے، کمیٹی نے بورس جانسن کو 90روز کیلئے معطل کرنے اور پارلیمنٹ میں داخلے سے روکنے کی سفارش کی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کمیٹی بورس جانسن کی ابتدا میں صرف 10دن سے زائد کی معطلی چاہتی تھی، بورس جانسن کے کمیٹی پرالزامات کے بعد کمیٹی نے معطلی کی مدت میں اضافہ کیا،میڈیا رپورٹس کے مطابق بورس جانسن کے حلقے میں 20جولائی کو ضمنی الیکشن کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔