پیپلز بس سروس موبائل ایپلیکیشن 22 جون کو لانچ کی جائے گی

907

کراچی: سندھ کے ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ کے وزیر شرجیل انعام میمن نے اعلان کیا کہ پیپلز بس سروس (پی بی ایس) موبائل ایپلیکیشن 22 جون کو لانچ کی جائے گی۔

محمکمہ ٹرانسپورٹ کے صدر اور وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی ملاقات ہوئی ،ملاقات کے دوران وزیرٹرانسپورٹ کو بس سروس کے آپریشن، اس کے نئے روٹس، آئی ٹی ایس اور کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کے قیام کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

انٹیلجنٹ ٹرانسپورٹ سسٹم کے تحت گاڑیوں کی نگرانی کی جائے گی، بسوں میں سی سی ٹی وی کیمرے، آڈیو سسٹم، یو ایس بی پورٹ، وائی فائی کمیونیکیشن سسٹم، ڈرائیور کے الارم بھی لگائے جائیں گے۔

مزید برآں، موبائل ایپ شہریوں کو ریئل ٹائم میں بسوں کو ٹریک کرنے اور آن لائن ادائیگی کرنے میں سہولت فراہم کرے گی، جب کہ بسوں میں آئی ٹی ایس کی تنصیب کے ساتھ سی سی ٹی وی کیمرے، اسکرین، لائیو ٹریکنگ اور مانیٹرنگ کی سہولیات کو فعال کر دیا جائے گا۔

وزیر نے الیکٹرک بسوں کے چارجرز کا مسئلہ بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 20 گرین بسیں 20 اگست تک کراچی پہنچ جائیں گی اور انہیں پیپلز بس سروس میں شامل کیا جائے گا۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت عوام کی سفری مشکلات ختم کرنا چاہتی ہے، کراچی، حیدرآباد، لاڑکانہ، سکھر اور میرپورخاص کے دیہی علاقوں کو پیپلز بس سروس کے ذریعے شہری علاقوں سے ملانے کا منصوبہ بھی شروع کیا جائے گا ۔