برطانیہ نے شام کے وزیر دفاع اور چیف آف سٹاف پر پابندیاں لگا دیں

499

 لندن:برطانیہ نے شام کے وزیر دفاع اور شامی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کردیا۔

 یہ پابندیاں تنازعات سے متعلق جنسی تشدد کے نئے الزامات کے تناظر میں لگائی گئی ہیں، پابندیوں کے تحت شام کے وزیر دفاع علی محمود عباس اور شام کے آرمی چیف آف سٹاف عبدالکریم محمود ابراہیم کے اثاثوں کو منجمد کیا جائے گا اور انہیں سفر سے روک دیا جائے گا۔

برطانوی وزارت داخلہ کے مطابق  علی محمود عباس کا شام کی فوج اور مسلح افواج کی قیادت کرنے میں ایک کردار تھا جنہوں نے منظم طریقے سے شہریوں کے خلاف عصمت دری اور جنسی یا صنفی بنیاد پر تشدد کی دیگر اقسام کا استعمال کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عبد الکریم عصمت دری اور جنسی اور سماجی تشدد کی دیگر اقسام کے منظم استعمال کا سہارا لینے والے فوجی دستوں کو کمانڈ کرکے شامی شہریوں کو دبانے میں ملوث تھا۔

مزید برآں برطانیہ نے مشرقی کانگو میں دو باغی رہنمائوں دیزیری ندجوپا اور ولیم یاکو ٹومبا پر بھی اسی طرح کی پابندی عائد کردی ہے، کامن ویلتھ آفس نے کہا کہ دونوں گروپوں نے انفرادی اور اجتماعی عصمت دری کا سہارا لیا اور بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی کی۔