پاک بحریہ کی کریکس کے علاقوں میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیاں جاری

692

کراچی: سمندری طوفان بِپرجوائے کے پیش نظر پاک بحریہ کریکس کے علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے، تاحال پاک بحریہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں ضلعی حکومت کے تعاون سے چوہڑ جمالی سے متصل دور دراز دیہاتوں سے ایک ہزار سے زائد افراد کو منتقل کر چکی ہیں۔

پاک بحریہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مزید برآں، کجھر اور ملحقہ کریک علاقوں سے بچوں سمیت 40 مقامی ماہی گیروں کو ریسکیو کیاجا چکا ہے۔ ریسکیو کیے گئے ماہی گیروں کو پاک بحریہ کی جانب سے تعینات خصوصی میڈیکل ٹیموں نے بروقت طبی امداد بھی فراہم کی۔

پاک بحریہ کی ایس ایس جی ڈائیونگ ٹیموں نے کیٹی بندر، کارو چن اور ترکی بندر سے امدادی کیمپوں تک 9ہزار افراد کے محفوظ انخلا کے لیے مقامی انتظامیہ کی مدد کی۔کریکس بریگیڈ کی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں نے متاثرہ لوگوں کو بروقت امداد فراہم کرنے کے لیے دور دراز کے ساحلی علاقوں میں گشت کیا۔

سمندری طوفان کے پیش نظر بروقت امداد فراہم کرنے کے لیے پاک بحریہ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی، قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور صوبائی و مقامی حکومتوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔