ایک بال پر 18 رنز، تمل ناڈو پریمیئر لیگ میں تاریخ رقم

1003

تمل ناڈو: تمل ناڈو پریمیئر لیگ میں میچ کے دوران ایک بال پر 18 رنز  بننے کا ریکارڈ قائم ہوگیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ٹی این پی ایل کا یہ ٹی ٹوئنٹی میچ  چیپک سپر گلیز اورسلیم سپارٹنزکے درمیان کھیلا جارہا تھا۔ چیپک سپر گلیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ سپرگلیز کی ٹیم 19  اوورز میں 191 رنز بناچکی تھی۔

سلیم  سپارٹنز کے کپتان ابھیشک تنوار نے اننگز کا آخری اوور خود کرانے کا فیصلہ کیا، مگر انہیں نہیں معلوم تھا کہ ان کا یہ اوور تمل ناڈو پریمیئر لیگ کے لیے ریکارڈ ساز ثابت ہوگا۔ 5 گیندیں  کرا لینے کے بعدابھیشک آخری گیند پھینکنے کے لیے تیار تھے۔ 5 بالز پر چیپک سپرگلیز کے  بیٹرز 8 رنز بناچکے تھے۔

ابھیشک تنوار نے بال کرائی جس پر بیٹر کلین بولڈ ہوگئے، مگر امپائر نے نوبال کا اشارہ کردیا۔ ابھیشک کی اگلی بال بھی نوبال ثابت ہوئی جسے بیٹر نے باؤنڈری لائن سے باہر پھینک دیا، یوں دو نوبالز پر اسکور میں 8 رنز کا اضافہ ہوگیا۔

ابھیشک کی بدقسمتی کہ تیسری بال کراتے ہوئے بھی ان کا پاؤں کریز سے باہر نکل گیا، اس بال پر  بیٹرز نے 2 رنز بنائے۔ اگلی بال وائڈ رہی اور اسکور میں ایک اور رنز کا  اضافہ ہوگیا۔ ابھیشک کی آخری بال اگرچہ قانونی ڈلیوری تھی مگر بیٹر نے اس پر  بھی چھکا جڑ دیا، یوں تمل ناڈو پریمیئر لیگ میں آخری گیند پر 18  رنز  بننے کا ریکارڈ  قائم ہوگیا۔

ابھیشیک نے مسلسل نوبالز اور وائیڈ کرانے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہوا کے رخ کی وجہ سے وہ گیند پر کنٹرول نہیں رکھ پائے۔ آخری اوور میں 26 رنز بننے سے چیپک سپر گلیز کا اسکور 217 تک پہنچ گیا، جس کے جواب میں سلیم سپارٹنز کی ٹیم 165  رنز بناپائی اور اسے 52  رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔