کراچی: پولیس پر نامعلوم افراد کی فائرنگ، 2 اہل کار شہید

648

کراچی: گشت پر مامور پولیس پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 2 اہل کار شہید ہو گئے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق سہراب گوٹھ پر انڈس پلازہ کے قریب نامعلوم افراد نے گشت پر مامور پولیس پر اچانک اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہل کار موقع ہی پر شہید ہو گئے۔

اطلاعات کے مطابق حملہ آور موٹرسائیکل پر سوار تھے۔ واقعے کے بعد پولیس اہل کاروں کی لاشوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق شہید اہل کاروں کی شناخت رحمت اور حکیم کے ناموں سے ہوئی،  جن میں سے ایک کو 3 اور دوسرے کو ایک گولی لگی۔ واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچی اور کرائم سین کو سیل کر کے شواہد اکھٹے کیے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق تحقیقات جاری ہیں اور معاملے کی نوعیت کو دیکھا جارہا ہے۔