ایف بی آر نے چھاپہ مار کر کروڑوں روپے کی اسمگل شدہ سگریٹ قبضے میں لے لی

283

اسلام آباد:فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کے ماتحت ادارے کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ پشاور کے انسدادِ اسمگلنگ یونٹ نے چھاپہ مارکر کروڑوں روپے مالیت کے اسمگل شدہ سگریٹ قبضے میں لے لئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کلکٹر اسامہ دستگیر کی سربراہی میں کلکٹریٹ انفورسمنٹ پشاور کے انسدادِ اسمگلنگ یونٹ اور اسپیشل بیکنگ اسکواڈ پر مشتمل چھاپہ مار ٹیم نے پیر کو پشاور میں گڈز ٹرانسپورٹ اڈہ پر چھاپہ مارکر ایک کروڑ ستر لاکھ روپے مالیت کی میلانو کنگ،میلانو وایریئنس اور مونڈ بلیوبیری سمیت غیر ملکی برانڈ کی سگریٹ کے 68کارٹن قبضے میں لے لئے ہیں۔

کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ غیر ملکی برانڈ کے سگریٹ بغیر ڈیوٹی ٹیکس کے لائے گئے تھے جو یہاں سے دوسرے شہروں کو بھجوانے کیلئے رکھے گئے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ انسداد اسمگلنگ ڈیپارٹمنٹ سمیت ایف بی آر کی ان لینڈ ریونیو سروس کی متعلقہ ڈیپارٹمنٹس ملک بھر میں جعلی اور نان ڈیوٹی پیڈ سگریٹ کے خلاف مہم جاری رکھے ہوئے ہیں جس کے تحت ملک بھر میں کارروائیاں جاری ہیں۔