بھارتیہ جنتا پارٹی یاسین ملک کو پھانسی دینے کی سازش کر رہی ہے، سردار عتیق احمد

287

مظفرآباد:آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردار عتیق احمدخان نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی ہندوتوا حکومت2024کے انتخابات جیتنے کی خاطر اپنی گرتی ہوئی ساکھ کو بحال کرانے کے لئے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو پھانسی دینے کی سازش کر رہی ہے۔

صدرمسلم کانفرنس  سردار عتیق احمدخان نے اس اقدام پرشدید تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ یہ کشمیری قیادت کو ختم کرنے کا سوچا سمجھا منصوبہ ہے، محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کی شہادت نے کشمیریوں کے عزم کو مزید پختہ کیا اور ان کے جذبہ آزادی کو تقویت دی ۔

انہوں نے انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کاسخت نوٹس لیں اور ہندوستان کو کشمیری رہنمائوں کو سزا دینے کے لیے اپنی کینگرو عدالتوں کا استعمال کرنے سے روکیں۔

انہوں نے انسانی حقوق کی تنظیموں پر بھی زور دیا کہ وہ جے کے ایل ایف کے چیئرمین یاسین ملک، مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ اور نعیم احمد خان سمیت تمام کشمیری سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال قبل این آئی اے کی خصوصی عدالت نے ایک جھوٹے کیس میں محمد یاسین ملک کو عمر قید کی سزا سنائی تھی اور اب وہی بھارتی ایجنسی دہلی ہائی کورٹ سے جے کے ایل ایف کے چیئرمین کو سزائے موت دلوانے کی سازش کر رہی ہے۔