صدر اردوان کی شاندار اور تاریخی فتح پر جماعت اسلامی کا اظہار تشکر

708
expresses

کراچی: ترکیہ کے عام انتخابات کے دوسرے مرحلے رن آف میں صدر رجب طیب اردوان کی شاندار تاریخی فتح اور مسلسل تیسری بار صدر منتخب ہونے پر جماعت اسلامی کراچی کے تحت  نیو ایم اے جناح روڈ پر اظہار تشکر کیا گیا۔

اظہار تشکر میں شہر بھر سے جماعت اسلامی کے کارکنوں، اہل کراچی نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جن میں خواتین سمیت نوجوانوں، بچوں، بزرگوں اور مختلف شعبہ زندگی سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد شامل تھی، اس موقع پر زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا اور شرکاء نے فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے صدر ترکیہ رجب طیب اردوان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

شرکاء ہاتھوں میں ترکیہ کے جھنڈے، قومی پرچم، جماعت اسلامی کے جھنڈے، ترکی کی جسٹس اینڈ ڈیویلپمنٹ پارٹی کے جھنڈے، رجب طیب اردگان کی تصاویر والے پوسٹر اٹھائے ہوئے تھے۔ نیو ایم اے جناح روڈ پر ایک بڑا اسٹیج بنایا گیا تھا اور ایک بڑا بینر لگایا گیا تھاجس پر” سبحان اللہ وبحمدہ، سبحان اللہ العظیم Congratulations-Recyep Tayyip Erdogan” تحریر تھا جبکہ اس کی ایک جانب رجب طیب اردوان اور دوسری جانب حافظ نعیم الرحمن کی تصویر لگائی گئی تھی۔ اسٹیج کے اطراف ترکی کے جھنڈے کے رنگ کی مناسبت سے سرخ رنگ کی لائٹنگ کی گئی تھی ۔اس موقع پر ترکیہ اور پاکستان کے قومی ترانے بھی پڑھے گئے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم اہل کراچی اور اہل پاکستان کی طرف سے ترکیہ کے عوام اور صدر رجب طیب اردوان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، ہمارا ان سے تعلق کلمے لاالہ الااللہ کا تعلق ہے، ہمارا ان سے غریب عوام کو سہارا دینے اور پسے ہوئے لوگوں کو کھڑا کرنے کا تعلق ہے، انقرہ کے میئر کی حیثیت سے رجب طیب اردوان نے شہریوں کے بنیادی مسائل حل کروائے، رہائش اور تعلیم کی سہولت کو یقینی بنایا، عوام کو طاقت دی، انہوں نے شام ، فلسطین اور برما کے مسلمانوں کے حقوق کے لیے بھی آواز اُٹھائی، رجب طیب اردوان پوری امت کے لیے ایک مضبوط اور توانا آواز بنے، وہ درحقیقت ایک اسلامی نظریاتی قائد ہیں۔