جماعت اسلامی کے بلدیات کی مخصوص نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع

586
nomination

کراچی: جماعت اسلامی کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے میں یوسی، ٹاؤن اور سٹی کونسل میں مخصوص نشستوں کے انتخابات میں تمام نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے گئے ہیں جن میں گورننگ امیدواران بھی شامل ہیں۔ ہر سطح کی مخصوص نشستوں کی ترجیحی فہرست کو بھی حتمی شکل دے کرجمع کرا دی گئی ہے،سٹی کونسل کی 62نشستوں پر فارم جمع کروائے گئے ہیں جن میں 37خواتین، 8نوجوان، 7مزدور، 6اقلیتی، 2معذور اور 2خواجہ سرا شامل ہیں۔ پی ٹی آئی نے بھی مخصوص نشستوں پر امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں۔

دریں اثناء امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے آخری دن ادارہ نور حق میں مخصوص نشستوں پر حصہ لینے والے مختلف امیدواروں سے گفتگو کرتے ہوئے بھر پور اعتماد اور یقین کا اظہار کیا کہ مخصوص نشستوں کے انتخابات کے نتائج کے بعد بھی عددی اعتبار سے ہمارے ہی نمبر سب سے زیادہ ہوں گے اور ایک بار پھر ہماری اکثریت واضح ہو جائے گی، معلوم نہیں کیوں اس واضح صورتحال کے باوجود پیپلز پارٹی اپنی اکثریت کا دعویٰ کررہی ہے اور اپنا میئر لانے کی باتیں کر رہی ہے،جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے نمبرز کے بعد پیپلز پارٹی کا اپنی اکثریت کا دعویٰ ناقابل فہم ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ یوسی چیئر مین، وائس چیئر مین اور کونسلرز کے حلف اُٹھانے سے قبل اور عین حلف برداری کے موقع پر پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت نے جس طرح فسطائیت کا مظاہرہ کیا اور انتہائی غیر جمہوری ہتھکنڈے اختیار کرتے ہوئے منتخب نمائندوں کو حلف لینے سے روکا اور گرفتار کیا، اس عمل سے واضح ہو رہا ہے کہ پیپلز پارٹی دھونس، دھمکی، گرفتاریوں اور خرید وفروخت کر کے منتخب نمائندوں کو دباؤ میں لینے اور ان کی وفاداریاں تبدیل کروانے کی سر توڑ کوشش کر رہی ہے، تمام اخلاقی، سیاسی اور جمہوری اقدار و روایات کو پامال اور سارے حکومتی اختیارات و وسائل کو استعمال کرتے ہوئے کسی نہ کسی طرح کراچی میں اپنا میئر لانا چاہتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کچھ بھی کر لے اب وہ اپنے ان مذموم مقاصد میں ہر گز کامیاب نہیں ہو سکے گی۔15جنوری اور 7مئی کو کراچی کے عوام نے پیپلز پارٹی کی فسطائیت اور کراچی دشمن رویے کو مسترد کر دیا ہے اسی طرح یوسی چیئر مین کی واضح اکثریت بھی پیپلز پارٹی کے ساتھ نہیں ہے، پیپلز پارٹی کچھ بھی کر لے کراچی کا میئر ہمارا ہی ہو گا، ہماری میئر ہی شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے کام کرے گا، حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی میں اتفاق رائے کے ساتھ بلدیاتی حکومت بنانا اور چلانا چاہتی ہے لیکن ہم کسی بھی مرحلے پر پیپلز پارٹی کی فسطائیت کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔