حکومت کا سی پیک کی دسویں سالگرہ منانے کا اعلان

409

اسلام آباد:جولائی میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی دسویں سالگرہ منائی جائے گی، سی پیک کے نتیجے میں پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں نمایاں اقتصادی پیش رفت کا جشن منانے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔

وزارت منصوبہ بندی، ترقی ، اصلاحات و خصوصی اقدامات سے جاری بیان کے مطابق سی پیک کی دسویں سالگرہ منانے کی ہدایات وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت اجلاس میں دی گئیں۔

اجلاس میں مختلف وزارتوں، ڈویژنوں، چین میں پاکستانی سفارت خانے، پاکستان میں چینی سفارتخانے کی نمائندگی کرنے والے متعدد سرکاری حکام اور اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی اور انہیں سی پیک منصوبوں میں ہونے والی نمایاں پیش رفت،خاص طور پر اکتوبر 2022 میں ہونے والے 11ویں جے سی سی اجلاس کے بعد اور وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ چین سے ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا ۔

وزیر نے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی کہ وہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپس (JWGs) کے باقاعدہ اجلاس منعقد کریں۔وزیر نے وزارتوں کو خصوصی اقتصادی زونز پر کام تیز کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ کم لاگت کی پیداوار کے ساتھ چینی صنعتوں کی پاکستان منتقلی کی ترغیب دی جا سکے اور آئندہ جے سی سی کے لیے ٹھوس ایجنڈوں کے ساتھ تجاویز کو حتمی شکل دیں جس میں دونوں ممالک سی پیک میں ہونے والی دس سالہ پیش رفت کا جشن منائیں گے۔