نادرا نے فنگر پرنٹس سے شناخت کا جدید ترین خودکار نظام متعارف کرادیا

673

اسلام آباد: نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)کی جانب سے مقامی سطح پر تیار کیا جانے والا انگلیوں کے نشانات (فنگر پرنٹس) سے شناخت کا جدید ترین خودکار نظام نادر اے ایف آئی ایس متعارف کرادیا گیا۔

اس سہولت کے اجرا کے بعد نادرا دنیا کی ان مایہ ناز کمپنیوں کی صف میں شامل ہو گیا ہے جو سول مقاصد کے لئے یہ شناختی نظام تیار کر رہی ہیں۔

نادرا کے نام سے متعارف کرایا جانے والا یہ سسٹم نادرا کے لئے قابل ذکر خدمات میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جس نے اپنے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے جدید ترین سسٹم تیار کیا ہے جو ٹیکنالوجی کے میدان میں نادرا کی جدت آمیز مصنوعات میں ایک شاندار اضافہ ہے۔

نادرا کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ اس نے شناختی امور، بائیومیٹرکس، بارڈر کنٹرول اور ای گورننس کے میدان میں ہمیشہ نئے رجحانات متعارف کرائے ہیں جبکہ ڈیجیٹل شناخت، اس کی تصدیق اور سکیورٹی کے میدان میں اپنے جدید ترین ٹیکنالوجی پر مبنی طریقوں کی بدولت نادرا معیار اور ممکنات کی نئی بلندیوں کو پہنچ چکا ہے۔

نئی طرز کی ان مصنوعات اور سہولیات کی بدولت نادرا کا شمار اس صنعت کے ان مایہ ناز اداروں میں ہوتا ہے جو ڈیجیٹل شناخت کی نت نئی سہولیات متعارف کرانے کے لئے ہمہ وقت سرگرم عمل ہیں۔