پنجاب اور پختونخوا حکومتیں انتخابات کیلیے قربان کیں، علی زیدی

295
پی پی نے صرف کرپشن اور چوری کے ٹیکے لگائے، علی زیدی

کراچی: تحریک انصاف سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ ہم نے اپنی پنجاب اور کے پی کی حکومتیں قربان کیں تاکہ انتخابات ہوں۔ اسی طرح ہم قومی اسمبلی کا الیکشن بھی چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے 9ارکان قومی اسمبلی نے سندھ ہائیکورٹ میں الیکشن کے التوا کے لیے درخواست دائر کی جس میں ہم نے بتایا کہ ہمیں اسپیکر کی جانب سے کہا گیا کہ استعفی تب تک قبول نہیں ہوگا جب تک خود پیش نہیں ہونگے۔ 11اپریل کو دیے ہوئے استعفے جس نے منظور کیے وہ خود16اپریل کو اسپیکر بنے تھے۔ پہلے دیے ہوئے استعفے وہ کیسے منظور کر سکتے ہیں۔ جب اپوزیشن لیڈر بنانے کی بات آئی تو استعفے منظور کرلیے گئے۔

پی ٹی آئی سندھ سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی پنجاب اور کے پی کی حکومتیں قربان کیں تاکہ الیکشن ہو ں اسی طرح ہم قومی اسمبلی کا بھی الیکشن چاہتے ہیں۔ دنیا میں ایسا ہوتا ہے کہ جب کوئی حکومت عدم اعتماد کے ذریعے ہٹائی جائے تو دوسری حکومت مینڈیٹ لے کر آتی ہے۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب، بلوچستان اور اسلام آباد ہائیکورٹ نے ہماری درخواستوں پر اسٹے آرڈر جاری کردیے۔ سندھ ہائیکورٹ میں ہمارے ارکان کے ساتھ جو رویہ اپنایا گیا وہ انتہائی قابل افسوس ہے۔چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے پٹیشن منظور کرتے ہوئے ہمیں 21مارچ کی تاریخ دی، جبکہ ضمنی انتخابات 16مارچ کو ہیں۔ اسکے بعد ہمارے وکلا نے ارجنٹ پٹیشن دائر کی تو معزز جسٹس صاحب نے کہا کہ میں کیس 15تاریخ کو سنوں گا۔ 15تاریخ تک بیلٹ پیپرز چھپ جائیں گے، حکومت کا خرچہ ہوجائے گا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پہلے ہی پنجاب اور کے پی میں الیکشن کروانے کے لئے30ارب روپے مانگے ہیں۔ ہمارے وکلا نے بحث کی تو 7تاریخ سماعت کے لئے مقرر کی گئی۔اگر انہیں درخواست نہیں سننی تو مسترد کریں تاکہ ہم سپریم کورٹ جائیں۔ جج صاحب ہماری بات سننے کے لئے بھی تیار نہیں تھے۔

اس موقع پر علی زیدی کے ہمراہ پی ٹی آئی کے مرکزی نائب صدر بلال غفار، ماہر معاشی امور مزمل اسلم، اراکین اسمبلی شہزاد قریشی، عباس جعفری، پی ٹی آئی رہنما آغا ارسلان، منصور شیخ، نثار احمد شر، افق بلوچ اور دیگر بھی موجود تھے۔