پاکستانی قوم ترکی اور شامی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے، محمد حسین محنتی

509
their rights

کراچی:امیر جماعت اسلامی سندھ وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے برادر اسلامی ممالک ترکیہ اور شام میں تاریخ کے بدترین زلزلے کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کے ضیاع،لاکھوں افراد کے زخمی اور بھاری مالی نقصان پر شدید افسوس اورتعزیت کا اظہار کیا ہے۔

محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ ہولناک زلزلے سے جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی اور ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام اپنے ترک اور شامی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہاکہ  جماعت اسلامی اور دیگر تمام سیاسی اور دینی جماعتیں اپنے بھائیوں کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے آگے بڑھیں اور امت مسلمہ سمیت عالمی برادری اس مصیبت کی گھڑی میں ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثر علاقوں میں امدادی کاموں کو تیزکریں۔

 محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بیحد رنجیدہ ہیں، غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت اور تمام زخمیوں کی صحتیابی کیلئے دعاکرتے ہیں، زلزلے کی تباہی سے نمٹنے میں ترکیہ کی حکومت اور عوام سے بھرپور تعاون کریں گے۔

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان میں زلزلہ ہو یا سیلاب مشکل کی ہر گھڑی میں ہمیشہ برادر ملک ترکیہ کی حکومت اور عوام نے ہمارابھرپور ساتھ دیا ہے اس ناگہانی مصیبت کی گھڑی میں پاکستانی قوم اپنے بھائیوں کو ہرگز اکیلا نہیں چھوڑیں گے اور برادر ملک کے عوام کی ہرممکن مدد کریں گے۔

رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں سے تباہی کے بڑھتے واقعات پوری دنیا کے لئے خطرے کی گھنٹی ہے، ترکیہ اور شام کے بہادر عوام اپنے روایتی عزم اور برداشت سے اس سانحہ کا مقابلہ کریں گے، پاکستانی قوم کی دعائیں بہاد ر ترک اورشامی عوام اور حکومت کے ساتھ ہیں۔