بلوچستان کے پہاڑوں سے ایک اور فیکٹری پکڑی گئی، 934 کلو چرس برآمد

592

کوئٹہ: بلوچستان کے پہاڑوں میں چھپی ایک اور منشیات کی فیکٹری پکڑی گئی، جس سے 934 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق انسداد منشیات کریک ڈاؤن کے دوران قلع عبداللہ کے علاقے سے چرس بنانے کی ایک اور فیکٹری پکڑی گئی ہے، جہاں منشیات کی تیاری اور پیکنگ کا کام کیا جاتا تھا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی اسی علاقے سے ایک فیکٹری پکڑی گئی تھی، جہاں سےسیکڑوں کلو چرس برآمد ہوئی تھی۔ اے این ایف نے فیکٹری سے منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والا سامان اور دیگر اشیا قبضے میں لے لی تھیں۔

اے این ایف کے مطابق دوسری کارروائی کے دوران کوئٹہ کے سریاب روڈ سے ایک شخص سے 5 کلو چرس برآمد کرلی گئی، ملزم کوئٹہ ہی کا رہائشی ہے، جسے گرفتار کرلیا گیا۔

ایک اور کارروائی میں سیالکوٹ کے ہوائی اڈے سے بین الاقوامی پرواز کے ذریعے بحرین جانے والی فیملی سے 5 کلو آئس برآمد کرلی گئی۔ اے این ایف نے میاں بیوی ملزمان کو منشیات اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

علاوہ ازیں ملیر کے قریب کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے رہائشی ملزم سےایک  کلو 200 گرام ہیروئن برآمد  کرلی گئی۔ اینٹی نارکوٹکس فورس نے تمام کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔