جماعت اسلامی کا کچے کے علاقے سے 200 سے زائد مغویوں کی بازیابی کا مطالبہ

794

کراچی:پارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی و رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید نے کچے کے علاقے میں قید زاکر اللہ سمیت 2 سو مغویوں کی بازیابی کامطالبہ کردیا۔

کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ذاکر اللہ سمیت 200 سے زائد لوگ کچے کے علاقے میں مغوی ہیں اور حکومت سندھ ان کی بازیابی کے لیے سنجیدہ اقدامات نہیں اٹھارہی ہے۔ مغویوں  کی بازیابی کے لیے 50 لاکھ تاوان مانگا جارہا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ سندھ، آئی جی اور ڈی جی رینجرز مغویوں کی بازیابی کے لیے اقدامات کریں، بصورت دیگر جماعت اسلامی احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کل وزیر اعلیٰ سندھ خیبر پختونخوا دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے لیے پشاور پہنچ گئے لیکن ان کے اپنے صوبے میں امن وامان خطرے میں ہے۔

سید عبدالرشید کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کو اپنے صوبے کے حالات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ سندھ کے کچے کے علاقوں میں حکومتی رِٹ چیلنج ہورہی ہے اور حکومت تماشائی ہے۔حکومت نے عوام کے جان و مال کاتحفظ یقینی نہ بنایا مغوی بازیاب نہ ہوئے تو سخت احتجاج پر مجبور ہوں گے۔

اس موقع پر مغوی زاکر اللہ کے والد لالئی خان، سندھ آل ڈمپرز ایسوسی ایشن کے حلیم خان، صدر یوسف خٹک، جے آئی یوتھ کے ملک فیاض اور پختون جرگہ کے دیگر حضرات شامل تھے۔ تاجر برادری اور پختون جرگہ نے 2 روز میں مسئلہ حل نہ ہونے پر سپر ہائی وے بلاک کرنے کا الٹی میٹم دے دیا۔