پاک روس تعلقات پر اُمید ہے دوسرے ملک مداخلت نہیں کرینگے، بلاول

955

ماسکو: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان روس سے تعلقات بڑھانا چاہتا ہے، امید ہے اس ضمن میں دوسرے ممالک مداخلت نہیں کریں گے۔

روسی دارالحکومت میں ہم منصب سرگئی لاوروف کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ روس نے پاکستان کی توانائی کی ضروریات  پوری کرنےکے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ پاکستان کو توانائی کی قلت کا سامنا ہے، امید ہے کہ میرے روس کے دورے میں اس سلسلے میں مثبت پیش رفت ہوگی اور توقع ہےکہ دوسرے ممالک روس کے ساتھ باہمی تعلقات میں مداخلت نہیں کریں۔

بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ تنازعات کا پر امن حل اور روس کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں، تمام شعبوں میں روسی وزیر خارجہ کے ساتھ دوستانہ ماحول میں گفتگو ہوئی، پاکستان اور روس کے تعلقات دو طرفہ اور علاقائی استحکام کے لیے اہم ہیں اور  پاکستان روس کے ساتھ تعلقات کوبڑی اہمیت دیتا ہے۔

اس موقع پر روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور  روس کا مختلف عالمی فورمز میں تعاون سے متعلق یکساں مؤقف ہے، پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری ہے، پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنےکے لیے بھرپور تعاون کریں گے۔

روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان اور  روس اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے، غیر جانبدارانہ پوزیشن کے حوالے سے  پاکستان کا موقف  قابل تحسین ہے۔