متحدہ  کے ساتھ مسائل پر بیٹھ کر بات کرنے کو تیار ہیں، بلاول

760
peace

اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے ساتھ مسائل پر بیٹھ کر بات کرنے کو تیار ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سے اختلافات رہے ہیں اور آئندہ بھی ہوں گے تاہم ہمیں مل جل کر کام کرنے کی کوشش کرتے رہنا چاہیے۔ ہم ایم کیو ایم کے ساتھ معاہدے کے تحت چلنا چاہتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں تاخیر سے انتظامی امور متاثر ہوتے ہیں۔ ایم کیو ایم کے ساتھ جو بھی مسائل ہیں، ان پر بیٹھ کر بات کرنے کو تیار ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر 6 ماہ عمران خان کی حکومت نہیں رہتی تو کیا مسئلہ ہے؟۔ ان کی دوبارہ انتخابات کی ضد پوری نہیں ہوگی۔ عمران خان کی سیاست پاکستان کے لیے نقصان دہ ہے کیونکہ جھوٹ، نفرت، جلاؤ گھیراؤ کی سیاست ملک کو نقصان پہنچاتی ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ارکان نے استعفے قبول نہ کرنے کے لیے اسپیکر کے پاؤں پکڑے ہوئے ہیں۔ وقت آتا ہے تو شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک بھی غائب ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے پارلیمنٹ میں اپنا کردار ادا کریں۔