عالمی بینک نے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلیے منصوبوں کی منظوری دیدی

627
flood victims

کراچی: صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عالمی بینک نے سندھ کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے گزشتہ روز 1.692 ارب ڈالرز کے منصوبوں کی منظوری دے دی ہے ۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔وزیر اعلیٰ سندھ سیلاب متاثرہ علاقوں سے نکاسی آب کی خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں ،  محکمہ آبپاشی ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور ضلعی انتظامیہ کو نکاسی آب یقینی بنانے کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ گندم کے کاشتکاروں کو فی ایکڑ 5000 ہزار روپے دینے کے لیے سروے کا کام تیزی سے جاری ہے ۔محکمہ زراعت اور محکمۂ روینیو کی 4048 ٹیمیں تپہ سطح پر سروے کا کام کر رہی ہیں۔صوبہ کے  علاقوں میں سروے کے لیے تپہ سطح پر ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی بینک نے سندھ کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے گزشتہ روز 1.692 ارب ڈالرز کے منصوبوں کی منظوری دے دی ہے ، جس میں سے 3 منصوبوں میں سیلاب متاثرین کی بحالی ، گھروں کی تعمیر اور متاثرہ فصلوں کی بحالی شامل ہے ۔ 2 منصوبے سندھ میں سوشل پروٹیکشن اور ماں بچے کی صحت سے متعلق ہیں ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت  ، وزیر اعلیٰ سندھ ، ضلعی انتظامیہ اور پاکستان پیپلز پارٹی نے عزم  کیا ہے کہ آخری سیلاب متاثر کی بحالی تک امدادی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی ۔ پیپلز پارٹی کی قیادت بالخصوص چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سیلاب متاثرین کا کیس عالمی فورمز پر بھرپور طریقے سے اٹھا رہے ہیں ، جس کے نتیجے میں موسمیاتی انصاف کے تحت اقوام متحدہ نے فنڈ قائم کردیاہے ۔