الیکشن میں ان اداروں نے مداخلت کی جن کا سیاست میں عمل دخل نہیں بنتا، بلاول

644

نیویارک: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ الیکشن میں ان اداروں نے مداخلت کی، جن کا سیاست میں کوئی عمل دخل نہیں بنتا۔

امریکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں چیئرمین پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کی نسل نو سیاست کی نفرت سے تنگ آ چکی ہے اور خطے خصوصاً دونوں ممالک کے مابین امن کی خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مستقبل نوجوانوں ہی کے ہاتھ میں ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم تقسیم کی سیاست کو اتحاد کی سیاست سے تبدیل کریں گے۔عمران خان اپوزیشن کرنے کے لیے سڑکیں چھوڑ کر پارلیمنٹ میں آئیں۔عمران خان اقتدار میں نہیں تو کیا اُن کی انا کے لیے سارا انتظام لپیٹ دیں۔ ایسا نہیں ہوسکتا کیونکہ جمہوریت عوام کے دم سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن میں اُن اداروں نے مداخلت کی جن کا سیاست میں کوئی عمل دخل نہیں بنتا۔یہی غیر سیاسی ادارے عمران خان کو اقتدار میں لے کر آئے۔ 2007 کے بعد ملک میں جمہوری اقدار واپس آرہی تھیں اور عمران خان دور سے پہلے اقتدار کی جمہوری منتقلی کا عمل سامنے آرہا تھا۔