تاجر پریشان اور ملک سے باہر منتقل ہو رہے ہیں، گورنر سندھ

380

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ میں نے وزیر خزانہ کو آگاہ کردیا ہے کہ تاجر طبقہ پریشان حال ہے اور ان مسائل کی وجہ سے بیرون ملک منتقل ہو رہا ہے۔

تاجر رہنما ایس ایم منیر کے انتقال پر تعزیت کے لیے ان کی رہائش گاہ پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ تاجربرادری کی سہولیات کے لیے وفاقی وزر خزانہ سے کھل کر بات کی ہے۔ ایف بی آر کے نوٹسز کے طریقہ کار سمیت تاجروں کو درپیش مسائل کے بارے میں حکومت کو آگاہ کردیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیرخزانہ سے کہہ دیا ہے کہ ایف بی آر 3 سال میں صرف ایک آڈٹ کرے۔ تاجر برادری اپنی سیاسی سرگرمیوں کو الگ لیکن معاشی پالیسیاں ایک رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے تاجروصنعت کاروں کے ایک وفد کے وزیرخزانہ کے ساتھ طویل مذاکرات کا اہتمام کروں گا، کیوں کہ میں چاہتا ہوں کہ مسائل حل ہوں اور صنعت و تجارت کا پہیہ چل سکے۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ عباسی شہید اسپتال میں بہتری لانے کی کوششوں کا آغاز ہوگیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک کمیٹی سینیٹر حسیب خان کی سربراہی میں قائم کردی گئی ہے۔ عباسی شہید اسپتال کی بہتری کے لیے قائم کمیٹی میں کوئی مداخلت نہیں کرے گا۔ کراچی کے باسیوں کو بہترین علاج کی سہولت ملنا ان کا بنیادی حق ہے۔ انڈس اسپتال کابھی دورہ کروں گا اور اسپتال میں اپنا حصہ بھی ڈالوں گا۔

قبل ازیں گورنرسندھ کامران ٹیسوری مرحوم ایس ایم منیر کی رہائش گاہ پہنچ گئے، جہاں انہوں نے مرحوم کے بھائی ایس ایم نصیر سے اظہارتعزیت کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے لیے ایس ایم منیر کی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی ایس ایم منیر کی مغفرت اور اگلی منزلیں آسان کرے۔