’’بنو قابل‘‘ الخدمت کراچی کا تاریخی ایونٹ

449

شہر قائد کے نوجوانوں کو کا کوئی پرسان حال نہیں، انہیں قدم قدم پر پریشانیوں کا منہ دیکھنا پڑتا ہے۔ مشکل سے تعلیم حاصل کر بھی لیں تو بے روزگاری کا اژدھا انہیں ڈسنے کو تیار رہتا ہے۔ شہری سہولتوں کا فقدان، ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، مہنگائی کا طوفان، اوپر سے بے روزگاری، ان ساری مشکلات میں نوجوان کا ذہنی تناؤ اور الجھنوں کا شکار ہونا لازمی امر ہے۔ یہ کام تو حکومتوں کے کرنے کا ہے کہ وہ نوجوانوں کو ملازمتیں دیں۔ ملازمتوں کے مواقع پیدا کر یں۔ شہری حکومت کی ذمے داری ہے کہ وہ شہریوں کو مسائل سے نکالے، جب حکومتیں بنیادی مسائل ہی حل نہیں کرسکتیں تو کیسے توقع کی جاسکتی ہے کی نوجوانوں کے مسائل حل ہو ں گے اور انہیں روزگار ملے گا۔ یہ نوجوان جن پر ہمارے مستقبل کا انحصار ہے، ملک وملت کے مقدر کا ستارہ کیسے بنیں گے۔ اسی احساس محرومی کے سبب ہمارا پڑھا لکھا نوجوان مایوس ہو کر ڈیلوری بوائے بن جاتا ہے یا پھر چھوٹے موٹے کام کرنے پر مجبور ہوتا ہے۔
کراچی معاشی حب ہے۔ اسے منی پاکستان بھی کہا جاتا ہے۔ یہ غریبوں کی ماں ہے۔ اسے پاکستان کا دبئی بھی کہا جاتا ہے۔ صنعت وتجارت کا پہیہ اسی کے دم سے چلتا ہے۔ ملک کے مجموعی ریونیو کا 70فی صد دیتا ہے، مگر پھر بھی یہاں کا نوجوان محرومیوں میں گھرا ہوا ہے۔ صدر الخدمت کراچی حافظ نعیم الرحمن کے وژن کے مطابق کئی دہائیوں سے لوگوں کی خدمت کرنے والی این جی او الخدمت نے کراچی نے ان نوجوانوں کو محرومیوں سے نکالنے کے لیے ’’آئی ٹی‘‘ کے شعبے میں مہارت سے آراستہ کرنے کے لیے ایک عظم الشان ’’بنو قابل پروگرام‘‘ ترتیب دیا ہے، جس میں کراچی کے ہزاروں میڑک، انٹر پاس نوجوانوں کو آئی ٹی کے مفت کورسز کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور پھر اس کے لیے عملی اقدامات کا بھی آغاز کردیا گیا تھا۔ اس کے لیے ایک ویب پورٹل banoqabil.pk کا اجرا کیا گیا اور ’’بنو قابل‘‘ پروگرام کی جانب کراچی کے لاکھوں نوجوانوں کو متوجہ کیا گیا۔ ویب سائٹ کے ذریعے کراچی کے ہزاروں نوجوانوں نے اس میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے اس میں رجسٹریشن کروائی اور وہ بنو قابل کے اس پروگرام سے جڑ گئے۔
الخدمت نے ’’بنو قابل‘‘ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو آئی کورسز سکھانے کے لیے فری لانسنگ، ویب ڈیولپمنٹ، ایپ ڈیولپمنٹ، گرافکس ڈیزائننگ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ایمازون ورچول اسسٹنٹ اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ جیسے کورسز کا انتخاب کیا ہے، جن کی اس وقت مارکیٹ میں بہت مانگ ہے اور ان شعبوں میں نوجوانوں کی بڑی ضرورت ہے۔ الخدمت کو اس پروگرام کے لیے شہرکے معروف آئی ٹی پروفیشنلز کی بڑی ٹیم اور اداروں کی بھی معاونت حاصل ہے۔
نوجوانوں کو سکھائے جانے والے آئی ٹی کے یہ کورسز 4 سے 6 ماہ دورانیے کے ہوں گے۔ کورسز کامیابی سے مکمل کرنے والے نو جوان اپنے ہی ملک میں ایک لاکھوں روپے ماہانہ آمدنی حاصل کرسکیں گے، جبکہ بیرون ممالک سے کثیر زرمبادلہ بھی کما سکیں گے۔ ’’الخدمت بنو قابل‘‘ پروگرام کے ذریعے سے شہر قائد کے لاکھوں نوجوانوں میں اس وقت بڑی تحریک پیدا ہو چکی ہے اور وہ اس پروگرام سے بھرپور استفادہ کر نے کے لیے تیار ہیں۔ اس پروگرام کی خصوصیت یہ ہے کہ الخدمت آئی ٹی کے کورسز پاس کرنے والے ان نوجوانوں کو ملازمتوں کے مواقع بھی تلاش کرکے دے گی۔
کراچی کے بیش تر نوجوان مالی مسائل، مہنگائی کی وجہ سے آئی کورسز کے لیے ان اداروں تک رسائی حاصل نہیں کر پاتے۔ بہت سے نوجوانوں کو کوئی رہنمائی دستیاب نہیں ہوتی۔ نہ ہی وہ اپنے روشن مستقبل کی کوئی منصوبہ بندی کرپاتے۔ لہٰذا اسی ایک نکتے ’’بنو قابل‘‘ پر نوجوان یکسو اور متفق ہیں کہ وہ ’’بنو قابل‘‘ پروگرام کے ذریعے آئی کورسز کرکے معاشرے کا فعال اور کارآمد فرد بننا چاہتے ہیں۔ ہزاروں نوجوانوں نے banoqabil.pk ویب سائٹ پر جاکر خود کو Aptitude ٹیسٹ کے لیے رجسٹرڈ کروایا ہے۔ اس سلسلے میں الخدمت نے پہلے مرحلے میں لڑکوں کے لیے 19 اکتوبر بروز بدھ شام 5 بجے باغ جناح کراچی میں ٹیسٹ کا اہتمام کیا ہے۔ ٹیسٹ میں کامیاب ہونے والے ہزاروں نوجوانوں کو کورسز میں شمولیت کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
الخدمت کی جانب سے نوجوانوں کے لیے شروع کیا جانے والا عظیم الشان ’’بنو قابل‘‘ پروگرام کراچی کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا پروگرام ثابت ہو گا، کیونکہ ابھی تک مفت آئی ٹی کورسز کے لیے اتنا بڑا پروگرام پیش نہیں کیاجا سکا۔ ٹیسٹ میں ہزاروں نوجوانوں کی شرکت متوقع ہے۔ اس کے لیے ’’مزار قائد‘‘ سے متصل باغ جناح کا انتخاب کیا گیا ہے۔ تاریخی ایونٹ کرانے کے لیے رضاکاروں کی ایک بڑی ٹیم کو آن بورڈ لیا گیا ہے اور مختلف کمیٹیاں بنا کر ٹیسٹ کے انتظامات سنبھالنے کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں، ٹیسٹ کے اہتمام کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
الخدمت کا ’’بنو قابل‘‘ پروگرام نوجوانوں کا نمائندہ پروگرام ہے۔ اس سے کراچی کے نوجوانوں میں خود اعتمادی پیدا ہوگی۔ ان کا حوصلہ بڑھے گا۔ ان میں آگے بڑھنے کا شوق پروان چڑھے گا۔ آئی ٹی کورسز کی مہارت حاصل کر کے یہ نوجوان نہ صرف اپنے خاندان کی خوشحالی کا سبب بنیں گے بلکہ وطن کی ترقی میں بھر پور کردار ادا کرسکیں گے۔ یہی پروگرام الخدمت کی خدمت کے لیے نئی مثال ثابت ہوگا اور صدر الخدمت حافظ نعیم الرحمن کے وژن کے مطابق کراچی شہر کے نوجوان ترقی کی جانب سفر کریں گے۔