کراچی میں صفائی کی بدترین صورتحال، ڈینگی کیسز میں غیر معمولی اضافہ

407

کراچی:گزشتہ 2 ماہ کے دوران ہونے والی موسلادھار بارشوں کے بعد کراچی میں نکاسی آب اور صفائی ستھرائی کی خراب صورتحال کے باعث شہر میں حالیہ ہفتوں میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

حالیہ مون سون بارشوں کے بعد ملک میں بھر میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ ہوگیا ہے، محکمہ صحت سندھ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں 192 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ ضلع کورنگی میں ڈینگی کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، وہاں 63 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ ضلع شرقی 45 اور ضلع جنوبی 35 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق ضلع وسطی 26، ضلع ملیر 14، کیماڑی 6 اور ضلع غربی سے 3 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں ماہ یکم ستمبر سے16ستمبر تک کراچی میں 1428 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ گزشتہ ماہ اگست میں کراچی بھر میں 1265 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

رواں سال سندھ بھر میں 4 ہزار 230 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اب تک کراچی میں 9 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔کراچی میں مچھروں کی بہتات جاری ہے ڈینگی کا خطرہ بدستور موجود ہے۔

ذرائع کے مطابق کراچی کی 246 یونین کونسل کے لئے صرف 30 اسپرے گاڑیاں موجود ہیں جن میں 60 اسپرے گاڑیوں میں سے 30 پہلے ہی خراب ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ 30 گاڑیاں گزشتہ تین سالوں سے خراب کھڑی ہیں، کراچی میں مچھروں اور وبائی امراض سے بچاں کی ذمہ داری کے ایم سی کی ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ شہربھر میں اسپرے سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کررہا ہے، کراچی میں اسپرے کرنے کے لئے ساٹھ افراد پر مشتمل اسٹاف موجود ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ اسپرے کرنے والی فی گاڑی کو پندرہ لیٹر پیٹرول فراہم کیا جاتا ہے جبکہ 40لیٹر ڈیزل اور اس میں ایک لیٹر ڈیلٹا میتھرین دوائی شامل کی جاتی ہے۔

دوسری جانب سندھ میں ڈینگی کے بڑھتے ہوئے کیسز پر وزیر اعظم شہباز شریف نے نوٹس لے لیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے چیف کمشنر اسلام آباد کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کو سندھ میں اہم کردار سونپ دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان سندھ میں ڈینگی کے خاتمے کے لیے سندھ حکومت سے مل کر حکمت عملی مرتب کریں۔