عمران خان پر دہشت گردی کا مقدمہ: مدعی، آئی جی، ڈی آئی جی کو نوٹسز جاری

347

اسلام آ باد: چیئرمین تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان پر دہشت گردی کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر عدالت نے آئی جی، ڈی آئی جی، ایس ایچ او اور مدعی کو نوٹسز جاری کردیئے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کی جانب سے خود پر دہشت گردی کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

 عمران خان کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی سربراہی میں بینچ نے کی، جب کہ عمران خان کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر اور نعیم حیدر ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔

 چیئرمین پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ میرے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ غیر قانونی قرار دیا جائے۔

عدالت نے دہشت گردی کا مقدمہ خارج کرنے کی عمران کی درخواست پر آئی جی، ڈی آئی جی پولیس کو نوٹس جاری کر دیئے، اور جواب بھی طلب کرلیا۔ عدالت نے مدعی مقدمہ مجسٹریٹ اور ایس ایچ او کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے، 8 ستمبر کو تمام فریقین سے جواب طلب کیا ہے۔

 واضح رہے کہ عمران خان کیخلاف 20 اگست کی تقریر پر دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا۔