یومِ تاسیس: جماعت اسلامی اتحاد امت کی داعی ہے، اسد اللہ بھٹو

379

کراچی: جماعت اسلامی پاکستان کے 81ویں یومِ تاسیس کے موقع پر صوبائی دفتر قباء آڈیٹوریم میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

مرکزی نائب امیر وسابق رکن قومی اسمبلی اسداللہ بھٹو نے کہا کہ بانی جماعت مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی اور کارکنان کی جدوجد کے نتیجے میں قرارداد مقاصد پاس ہوئی جو آج دستور کا حصہ ہے، دوسری کامیابی 22نکات کی صورت میں اجتماع امت ہے،جماعت اسلامی اتحاد امت کی داعی ہے اور ایم ایم اے سے لیکر ملی یکجہتی کونسل اس کا تسلسل ہے۔

اسد اللہ بھٹو نے کہاکہ  اس ساری جدوجہد کا مقصداللہ کے دین کی سربلندی اور اقامت دین ہے جو نہ صرف اپنے چار فٹ قد بلکہ معاشرے اور پورے ملک میں نافذ کرنا ہے۔ جماعت اسلامی کے قیام اور جدوجہد کا مقصد ملک میں قرآن وسنت کا نفاذ ہے آج جماعت اسلامی کے کارکنان کیلئے تجدید عہد کا دن ہے کہ وہ خون کے آخری قطرے تک اسلامی وخوشحال پاکستان کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان اور جماعت اسلامی کے کلمے والا پرچم سربلند رہے گا۔جماعت اسلامی اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کے غلبے اور خصوصاً پاکستان میں نظام مصطفیۖ کے نفاذ کے لیے اپنی جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی، جماعت اسلامی81سال سے جمہوری جدوجہد کے ذریعے فرد اور معاشرے کی اصلاح کا کام کررہی ہے ۔