انسداد دہشتگردی دفعات کے تحت عمران خان پر مقدمہ درج

488

مقدمہ تھانہ مارگلہ میں درج کیا گیا،عمران خان کے اس انداز اور ڈیزائن میں کی گئی اس تقریر سے پولیس حکام عدلیہ اور عوام الناس میں خوف وہراس پھیل گیا ہے ، کارروائی کی جائے، درخواست گزار

 اسلام آباد : انسداد دہشتگردی دفعات کے تحت عمران خان پر مقدمہ درج کرلیاگیا، مقدمہ تھانہ مارگلہ میں درج کیا گیا ۔

عمران خان کیخلاف درج کیاگیا مقدمہ مجسٹریٹ علی جاوید کی مدعیت میں درج کیاگیا جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے ایڈیشنل سیشن جج کو دھمکایا ہے مقدمہ میں عمران خان کی تقریر کو بھی ایف آئی آر کے متن کا حصہ بنایا گیا ہے۔

 اس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے الفاظ کے تمہارے اوپر کیس کرنا جیسے الفاظ سے پولیس حکام، عدلیہ اور عوام میں خوف پھیلا ہے عمران خان نے تقریر میں اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ افسران اور ایک معزز ایڈیشنل سیشن جج صاحبہ کو ڈرانا دھمکانا شروع کردیا۔

 عمران خان کے ان الفاظ اور تقریر کا مقصد پولیس کے اعلیٰ حکام اور عدلیہ کو دہشت زدہ کرنا تھا تاکہ پولیس افسران اور عدلیہ اپنی قانونی ذمہ داری پوری نہ کرسکیں اور پی ٹی آئی یا ان کے کسی بھی شخص کیخلاف کوئی قانونی کارروائی کرنے کا معاملہ زیر غور ہو تو عمران خان سے خوف کی وجہ سے کارروائی سے اجتناب کریں۔

 عمران خان کے اس انداز اور ڈیزائن میں کی گئی اس تقریر سے پولیس حکام عدلیہ اور عوام الناس میں خوف وہراس پھیل گیا ہے عوام الناس میں بے چینی ، بدامنی اور دہشت پھیلی ہے اور ملک کا امن تباہ ہوا ہے لہذا میری آپ سے درخواست ہے کہ اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ افسران اور عدلیہ کو ڈرانے دھمکانے اور ملک میں انتشار و دہشت پھیلانے کے جرائم میں ملزم کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے اور قرار واقعی سزا دلوائی جائے اس پر کارروائی کی جائے ۔