برازیل جنوبی امریکا میں پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دار ہے، صادق سنجرانی

333

اسلام آباد:  چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ برازیل جنوبی امریکا میں پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دار ہے، دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطح کے تبادلوں کو فروغ دینے سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے پاکستان میں برازیل کے سفیر اولنتھو وئیرا نے ملاقات کی جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، چیئرمین سینیٹ نے برازیلین سفیر سے ان کی اہلیہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان اور برازیل کے درمیان گہرے اور مضبوط تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات اور کثیر جہتی فورمز پر بہترین تعاون قابل ستائش ہے، برازیل کے ساتھ سیاسی، اقتصادی اور دفاع سمیت تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپس، بات چیت کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔